ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضلع اُترکنڑا میں تغذیہ کی کمی کا شکاربچوں کی تعداد ضلع انچارج وزیر کے علاقہ میں سب سےزیادہ

ضلع اُترکنڑا میں تغذیہ کی کمی کا شکاربچوں کی تعداد ضلع انچارج وزیر کے علاقہ میں سب سےزیادہ

Thu, 06 Oct 2016 02:12:15    S.O. News Service

بھٹکل 5/اکتوبر(ایس او نیوز)ضلع شمالی کینرا میں تغذیہ کی کمی کا شکار ہونے والے بچوں کی تعداد 9950بتائی جاتی ہے۔ لیکن اس میں سب سے زیادہ تعدادضلع انچارج وزیر مسٹر آر وی دیشپانڈے کے علاقے میں ہی ہونے کی جانکاری ملی ہے۔گزشتہ تین برسوں میں اس علاقے میں غذائی قلت کے ساتھ نشو ونما پانے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور یہ مسئلہ ایک تشویشناک صورتحال بن کر سامنے آیا ہے۔

 ضلع محکمہ بہبودیئ خواتین و اطفال کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کاروار تعلقہ میں 1203، انکولہ 904، کمٹہ 1002، ہوناور1412، بھٹکل 992، سرسی 1402، سداپور 1076، یلاپور 983،منڈگوڈ 1713، ہلیال 4165اور جوئیڈا 1857میں بچوں کو غذائی قلت کا شکار پایا گیا ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے پانچ سال کی عمر تک بچوں کی جانچ کے بعد ان کی صحت کے تعلق سے رپورٹ تیار کی جاتی ہے۔اس رپورٹ کے مطابق اس وقت ضلع میں تین سال سے کمر عمر کے 8114بچے اور تین سال سے پانچ سال کی عمر کے8639بچے موجود ہیں۔ ان میں سے نارمل، تھوڑا کم وزن اور بہت زیادہ کم وزن والے بچوں کے تین زمرے بنائے جاتے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ تھوڑے کم وزن والے بچوں کی تعداد 8741ہے اور حد سے زیادہ کم وزن والے 121بچوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ ریاست کے دوسرے اضلاع کی طرح ضلع شمالی کینرا میں بھی بچوں کو تغذیہ کی کمی سے بچائے رکھنے کے لئے آنگن واڑی اسکولوں میں ہفتے میں دو دن مرغی کے انڈے اورتین دن دودھ اور چِکّی فراہم کی جاتی ہے۔عام بچوں کو اسکولوں میں کھانا کھلانے کے لئے ہر بچے پر روزانہ 6روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔ تغذیہ کی کمی کا شکار بچوں کو کھانا کھلانے کے لئے فی کس روزانہ 9روپے خرچ ہوتے ہیں۔پھر ان بچوں کے میڈیکل اخراجات کی مدمیں سالانہ 2ہزار روپے فی کس امداد جاری کی جاتی ہے۔ان سب سہولتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ضلع میں تغذیہ کی کمی کا شکار بچوں کی تعداد میں کمی ہونی چاہیے تھی۔ لیکن جیسے نتائج نکلنے چاہیے تھے ویسا نہیں ہورہا ہے۔ لوگوں کی زبانی یہ بھی سننے میں آرہا ہے کہ طبی امداد کے طور پر حکومت کی طرف سے جو معمولی رقم دی جاتی ہے وہ آج کل علاج معالجہ کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے سامنے بہت ہی ناکافی ہے۔

سال 2014کے سروے میں غذائی قلت کاشکار بچوں کی تعداد ضلع شمالی کینرا میں 15664تھی، سال 2015میں یہ تعداد 17943ہوگئی اور امسال ایسے بچوں کی تعدا 9950ریکارڈ کی گئی ہے۔


Share: